منگلورو9/جولائی (ایس اونیوز) منگلورو کے کولشیکر چوکی کے قریب گائیں ٹرانسپورٹ کرنے کے شک میں آم سے بھرے ہوئے ٹیمپو پرحملہ کرنے والے ملزمین نے اپنی گرفتاری سے بچنے کے لئے پولیس پر بھی قاتلانہ حملہ کیا۔پولیس نے اپنے دفاع میں فائرنگ کی جس نتیجے میں ایک ملزم زخمی ہوگیا ہے۔پولیس نے اسے گرفتار کرنے کے بعد علاج کے لئے کنکن ناڈی اسپتال میں داخل کردیاہے۔
بتایا جاتا ہے کہ پولیس نے سی سی کیمرے کے فوٹیج سے حملہ آوروں کو پہچان لیا جن میں عادی مجرمین شامل ہیں۔ پھر پولیس نے اڈیار کے قریب ایک تنگ سڑک پر جب ان ملزمین کی کار کا راستہ روکا تو کار میں سے تین افرادچھوٹی تلوار اور چاقو کے ساتھ باہر نکلے اور پولیس پر جان لیواحملہ کردیا۔پولیس نے اپنے دفاع میں جب فائرنگ کی تو بھاوت راج نامی عادی مجرم زخمی ہوگیا اور پولیس نے اسے گرفتار کرلیا جبکہ بقیہ ملزمین کار چھوڑ کر موقع پر سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ٹیمپو پر آم کے صندوق لاد کر لے جارہے تین افراد پر حملہ کرکے 70ہزارروپے نقدی لوٹنے اور عمر فاروق نامی شخص کو زخمی کردینے کے معاملے میں چار ملزمین شامل ہیں۔گرفتار شدہ ملزم بھاوت راج ایک راؤڈی شیٹر ہے اس کے خلاف 8مجرمانہ معاملات درج ہیں۔مفرور ملزمین میں سندیش پر دو مجرمانہ مقدمات چل رہے ہیں اورکوور میں ہوئے بشیر قتل معاملے میں بھی وہ ملزم ہے۔تیسرے ملزم کا نام ساناتھ ہے جبکہ چوتھا ملزم اشوتھ جس کی بائک پر سوار ہوکر ان تینوں افراد کی ٹولی نے عمر فاروق اور اس کے ساتھیوں پر حملہ کیا تھا۔ پولیس کاکہنا ہے کہ اس نے واردات میں استعمال کی گئی موٹر بائک ضبط کرلی ہے۔